Live Updates

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی سیشن

بدھ 30 اپریل 2025 20:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سرگودھا امتیاز احمد کی زیر صدارت سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ منیجر سوشل ویلفیئر محمد یار گوندل اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس سیشن کا مقصد معذور افراد کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور ووٹ کی رجسٹریشن سے متعلق مسائل کا حل فراہم کرنا تھا۔

سیشن میں معذور افراد کے علاوہ دیگر افراد نے بھر پور شرکت کی اور انتخابی عمل سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر امتیاز احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ووٹ ہر شہری کا آئینی حق اور قومی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ تمام شہری، خاص طور پر محروم طبقات، انتخابی عمل میں مساوی طور پر شامل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نےبتایا کہ سرگودھا سمیت ملک بھر میں ووٹ کی رجسٹریشن کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام افراد با آسانی شناختی کارڈ کے ساتھ اپنا ووٹ رجسٹر کر اسکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معذور افراد ووٹ کی طاقت کو سمجھیں اور ایسے امیدوار کا انتخاب کریں جو ملکی ترقی اور معاشرتی بہتری کے لیے کام کرے۔

سیشن کے احتتام پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر امتیاز احمد نے صنعت زار انتظامیہ کا شکر یہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن پاکستان آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا اور معذور افراد کو قومی سرمایہ تصور کرتے ہوئے ان کی رہنمائی جاری رکھے گا اور ان کی آسانی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گا۔ مزید یہ کہ فارم نمبر 21 ، برائے اندراج / منتقلی ووٹ، فارم نمبر 22 برائے اعتراض / حذف ووٹ اور فارم نمبر 23 برائے درستگی کوائف کو استعمال کر کے اپنے ووٹوں کو درست کروایا جا سکتا ہے،ووٹر جتنا با علم اور باشعور ہو گا اتنا ہی اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کر سکے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات