ْقومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات اور آئی ایل او کے تحت کانفرنس (آج) ہوگی، شوکت عزیز صدیقی

بدھ 30 اپریل 2025 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات اور آئی ایل او کے تحت کانفرنس (آج)جمعرات کو ہوگی۔قومی کمیشن برائے صنعتی تعلقات کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ این آئی آر سی اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے (آج)یکم مئی کو کانفرنس منعقد کی جائے گی،اس کانفرنس کا مقصد ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس سے آجر اور اجیر کے فاصلے کم ہوسکیں اور تعلقات کی بہتری کا ماحول فراہم ہوسکے، 1969کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایسی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، امید ہے کہ یہ ایونٹ بہت کامیاب ثابت ہوگا۔

یکم مئی کو یوم مزدور کی مناسبت سے بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن اور نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنس میں مزدوروں کے حقوق اور قوانین زیر بحث آئیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت صدیقی نے کہا کہ کانفرنس سے آجر اور اجیر کے درمیان روابط اور مزدور کے حقوق پر بات ہو گی۔ انھوں نے کہا کانفرنس میں قوانین اور انسانی حقوق پر بات ہو گی۔

عالمی لیبر کانفرنس کے انعقاد سے متعلق آئی ایل او کے کنٹری ڈائریکٹر گئیر تھامس ٹونسٹول نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق بنیادی طور پر انسانی حقوق ہیں جن سے آگاہی اور عمل سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس وقت دنیا کو عدم مساوات کا سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں اور ٹیکنالوجی کے بدلا کے بعد حکومت، سرمایہ کار اور مزدوروں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔

عالمی لیبر کانفرنس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ اور چوہدری سالک حسین سمیت آئی ایل او کا وفد شریک ہو گا۔ کانفرنس میں لیبر قوانین اور عدالتی امور پر سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن سمیت جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمن رمدے اظہار خیال کرینگے۔کانفرنس میں بیرسٹر ظفر اللہ خان، جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار سلمان منصور، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر راشد محمود بھی شریک ہونگے۔ چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت صدیقی کے مطابق کانفرنس آجر اور اجیر کے درمیان روابط اور مزدور کے حقوق کیلئے بہت اہم ثابت ہوگی۔