شہید فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو کانز فلم فیسٹیول میں اعزاز سے نوازا جائے گا

فلم میں فاطمہ حسونہ اور سپیدہ فارسی کے درمیان فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور ان کے اثرات سے متعلق دکھایا گیا

جمعرات 1 مئی 2025 11:05

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو کانز فلم فیسٹیول میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کانز فلم فیسٹیول اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والی 23سالہ فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کے اشتراک سے بنائی جانے والی دستاویزی فلم پٹ یور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک کی نمائش کے ذریعے انہیں اعزاز سے نوازے گا۔

فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں معروف کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی دستاویزی فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا، اس فلم کی ہدایتکاری ایرانی فلم ہدایت کار سپیدہ فارسی نے کی ہے۔گو کہ کانز فلم فیسٹیول کی طرف سے ان کی دستاویزی فلم پٹ یور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک کو کانز فلم فیسٹیول کے معروف ادارے ایسوسی ایشن فار دی ڈفیوژن آف انڈیپینڈنٹ سنیما (اے سی آئی ڈی)کی سائیڈ بار کے ساتھ دکھائے جانے کا اعلان ان کی موت سے ایک روز قبل کیا تھا تاہم اب اس دستاویزی فلم کی نمائش سے خاتون صحافی کو اعزاز دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس فلم کی نمائش کانز فلم فیسٹیول کے اے سی آئی ڈی شو میں کی جائے گی جو 13مئی 2025 سے 24مئی 2025 کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔اس دستاویزی فلم میں فاطمہ حسونہ اور سپیدہ فارسی کے درمیان فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں اور ان کے اثرات سے متعلق ہونے والی بات چیت کو دکھایا گیا ہے۔کانز فلم فیسٹیول کی جانب سے جاری کردہ بیان میں جاں بحق فوٹو جرنلسٹ کی موت پر اظہارِ افسوس کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ یہ فلم اس سانحے کے سامنے بہت معمولی ہے، جس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس کی نمائش 15مئی کو کانز فلم فیسٹیول کے اے سی آئی ڈی میں کی جائے گی۔فیسٹیول کے مطابق اس فلم کے ذریعے نوجوان خاتون صحافی کو اعزاز پیش کیا جارہا ہے جو دیگر فلسطینیوں کی طرح اس جنگ کی زد میں آگئیں۔