جونی لیور کی اپنے ہمشکل سے ملاقات،ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

جمعرات 1 مئی 2025 11:05

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)بالی وڈ کے معروف مزاحیہ اداکار جونی لیور نے اپنے ہمشکل سے ملاقات کی جس کی ویڈیونے سوشل میڈیاپردھوم مچادی۔بھارتی میڈیاکے مطابق بالی وڈ کے معروف مزاحیہ اداکار جونی لیور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جس میں ایک پرستار ان کی نقل اتارتے ہوئے نظر آ رہا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی اداکاری جونی لیور سے حیران کن حد تک مشابہت رکھتی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ مداح جونی لیور کے سامنے ان کے مخصوص انداز، حرکات و سکنات اور مشہور جملوں کی نقل اتار رہا ہے، جس پر جونی لیور خود بھی حیرت اور مسرت سے مسکرا اٹھے۔مداح نے جونی لیور کے مشہور ہنسی بھرے انداز اور چہرے کے تاثرات کو اس قدر مہارت سے پیش کیا کہ دیکھنے والوں کو لمحہ بھر کیلئے یہ گمان ہوا کہ وہ خود جونی لیور ہی ہیں۔

(جاری ہے)

جونی لیور نے نہ صرف مداح کی کوشش کو سراہا بلکہ اس کا شکریہ بھی ادا کیا۔اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک صارف نے لکھاکہ یہ تو جیسے جونی لیور کا جڑواں بھائی ہے، پہچاننا مشکل ہو رہا تھا۔ ایک اور صارف نے کہا کہ ویڈیو نے ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کر دیا، زبردست پرفارمنس۔مداحوں کی جانب سے اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جا رہا ہے اور اسے کمال کی نقل قرار دیا جا رہا ہے۔ خود جونی لیور نے بھی اس خوبصورت لمحے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کی محبت اور خلوص کو دل سے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔