کراچی پورٹ پر کارروائی، بڑی تعداد میں گدھوں کی کھالیں برآمد

جمعہ 2 مئی 2025 16:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے کراچی پورٹ پر کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں گدھوں کی کھالیں برآمد کرلی گئیں۔ترجمان کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اسمگلنگ کے خلاف کارروائی جاری ہے۔انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی نے ساتھ ایشیا پاکستان پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گدھوں کی کھال بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

(جاری ہے)

گرین چینل سے کلئیر شدہ کنٹینرمیں چمڑے کی مصنوعات کے 285 پیکجز کو ظاہر کیا گیا تھا، جس کو چین بھیجا جا رہا تھا۔ اس کنٹینر کو عملہ نے روک کر تفصیلی جانچ پڑتال کی جس کے نتیجے میں کنٹینر میں ظاہر کردہ چمڑے کی مصنوعات کی آڑ میں ممنوعہ 14 ہزار کلوگرام گدھوں کی کھالیں برآمد ہوئیں، جن کی برآمد پر حکومت پاکستان کی جانب سے ایکسپورٹ پالیسی کے تحت پابندی ہے۔ ترجمان کے مطابق ضبط شدہ گدھے کی کھالوں کا مجموعی وزن 14 ہزار کلوگرام ہے، جن کی مالیت 8 کروڑ روپے ہے۔ برآمد کنندہ کے خلاف کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔