ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

جمعہ 2 مئی 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے حصول میں مقامی عمائدین اور مشران کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ پاراچنار اور صدہ میں قبائلی عمائدین کے جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلع کرم میں ماضی میں بدامنی کے باعث عوام کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس کا انہیں بخوبی ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان مسائل کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے دورے کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کا خود مشاہدہ کرنا اور ان کے فوری اور مؤثر حل کے لیے مربوط اقدامات اٹھانا ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے اپنے دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ، معتصم باللہ شاہ، رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین اور ڈپٹی کمشنر کرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ہسپتال میں انہوں نے مریضوں سے دستیاب طبی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف سیکرٹری نے مریضوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر سید میر حسن جان نے ادارے کی کارکردگی، موجودہ سہولیات، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور سروس ڈلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ دورہ کے دوران چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر آفس کرم میں ضلعی ترقیاتی منصوبوں اور گورننس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر کرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس پر چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں، شفاف اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات مل سکیں۔