آرچری ٹریننگ کا مقصد روایتی کھیل تیر اندازی کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینا ہے،امین بادینی

نوجوانوں کو منشیات و دیگر معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے ان کی توجہ کھیلوں کی جانب راغب کرانا ناگزیر ہے‘گفتگو

ہفتہ 3 مئی 2025 13:05

آرچری ٹریننگ کا مقصد روایتی کھیل تیر اندازی کو گراس روٹ لیول پر فروغ ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2025ء)بلوچستان آرچری ایسو سی ایشن کے صدر محمد امین بادینی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو منشیات و دیگر معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے ان کی توجہ کھیلوں کی جانب راغب کرانا ناگزیر ہے۔ سکولوں کی سطح پر آرچری (تیر اندازی) ٹریننگ کیمپس کے انعقاد کا بنیادی مقصد بلوچستان کے روایتی کھیل تیر اندازی کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینا ہے۔

یہ بات انہوں نے بیکن ہاؤس سکولز سسٹم جونیپر کیمپس جناح ٹاؤن کوئٹہ میں طالبعلموں کے لئے تین روزہ تیر اندازی ٹریننگ کیمپ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تیر اندازی کے کھیل کے فروغ کے لئے بلوچستان آرچری ایسوسی ایشن بلوچستان سپورٹس بورڈ کوئٹہ اور بالخصوص ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر یاسر خان بازئی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلوچستان سپورٹس بورڈ محمد آصف لانگو کی مکمل معاونت سے منظم بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، اس ضمن میں سرکاری و نجی سکولوں کی سطح پر تیر اندازی ٹریننگ کیمپس کے انعقاد کا مقصد صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو منشیات و دیگر معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے انکی توجہ کھیلوں کی جانب راغب کرانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مختلف حکومتی و نجی تعلیمی اداروں میں تیر اندازی ٹریننگ کیمپس کے انعقاد کے بعد بلوچستان تیر اندازی ایسوسی ایشن آل کوئٹہ لالا نصیب اللہ خان بازئی انٹر سکولز تیر اندازی چمپئن شپ 2025 کا انعقاد کریگی۔ تیر اندازی کوچ عنایت خان اچکزئی نے طالبعلموں کو تیر اندازی کھیل کھیلنے کی تربیت فراہم کی۔اس موقع پر محمد ہاشم سپورٹس انسٹرکٹر، بیکن ہاؤس سکولز سسٹم جونیپر کیمپس جناح ٹاؤن کوئٹہ، جنرل سیکرٹری بلوچستان آرچری ایسوسی ایشن فیض اللہ خان کاکڑ، ضیاء اللہ بازئی، رشید خان نورزئی اور دیگر بھی موجود تھے۔