طالبہ کو قتل کی دھمکیاں دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار

رکشہ ڈرائیور ناصر شیخ پچھلے چار ماہ سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر مسلسل زیادتی کرتا رہا جس پر الٹراساونڈ کرایا گیا توطالبہ کے حاملہ ہونے کی تصدیق ہوئی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 3 مئی 2025 14:50

طالبہ کو قتل کی دھمکیاں دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے والا رکشہ ڈرائیور ..
وہاڑی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 مئی 2025)پنجاب کے علاقے وہاڑی میں طالبہ کو قتل کی دھمکیاں دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے والے رکشہ ڈرائیور کوگرفتارکرلیا،دسویں جماعت کی طالبہ کو سکول لے جانے والا رکشہ ڈرائیور 4 ماہ تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا جس سے طالبہ حاملہ ہوگئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا،متاثرہ لڑکی کے والدین کا کہنا ہے دسویں کلاس کی طالبہ کو سکول لے جانے اور لانے کیلئے رکشہ لگوا کر دیا تھا۔

سکول سے گھر نہ پہنچنے پر والدہ کو تشویش ہوئی تو بچی کو ڈھونڈتے رہے مگر بچی نہ ملی اور آخر کار رات تین بجے بچی نیم بیہوشی کی حالت میں ملی جسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔متاثرہ طالبہ نے والدین کو زیادتی کے بارے میں آگاہ کیا۔والدین کا کہنا ہے کہ ہوش میں آنے کے بعد بچی نے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور ناصر شیخ پچھلے چار ماہ سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر مسلسل زیادتی کرتا رہا جس پر الٹراساونڈ کرایا گیا تو الٹراساونڈ میں بچی تین ماہ کی حاملہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔

(جاری ہے)

تھانہ ماڈل ٹاون پولیس نے لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کوگرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لاہور میں قلعہ گجر سنگھ پولیس نے طالبہ کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیاتھا۔ ملزم بابر کو مزید تفتیش کیلئے جینڈر سیل کے حوالے کر دیاگیا تھا۔ ملزم بابر کی متاثرہ لڑکی سے سوشل میڈیا پر بات چیت کا آغاز ہواتھا۔

جس کے بعد بابر لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر دو سال تک زیادتی کا نشانہ بناتا رہا تھا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی سول لائنز چودھری اثر علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیاتھا۔ایس ایچ او کاکہنا تھا کہ ملزم لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا اور اس دوران تشدد بھی کیا گیا تھا۔ متاثرہ طالبہ کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں پتوکی میں اینٹوں کے بھٹے پرکام کرنےوالی16سالہ لڑکی سے زیادتی کی گئی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تھا۔ایف آئی آرکے مطابق ملزم وارث زبردستی لڑکی کوگھرلے گیااورزیادتی کی تھی۔والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی تھی۔ زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ ملزم وارث علی اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا میری بیٹی پاس سے گزری تو زبردستی اپنے گھر لے گیا تھا۔ والد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی کے ساتھ زبردستی زنا بالجبر کیا شور کرنے پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔