آزادی صحافت صرف صحافتی حق نہیں بلکہ جمہوریت، شفافیت اور عوامی احتساب کا بنیادی ستون بھی ہے، پروفیسر ڈاکٹر مدثر شاہ

ہفتہ 3 مئی 2025 18:47

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2025ء) پریس فریڈم ڈیموکریسی ڈے کے حوالے سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز اینڈ ماس کمیونیکیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مدثر شاہ نے ’’ورلڈ پریس فریڈم ڈے 2025‘‘ کے موقع پر جمہوری معاشروں میں آزاد صحافت کے ناگزیر کردار پر زور دیا۔ انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت صرف صحافتی حق نہیں بلکہ جمہوریت، شفافیت اور عوامی احتساب کا بنیادی ستون ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر مدثر شاہ نے کہا کہ اداروں کو جوابدہ بنانے اور شہری آزادیوں کے تحفظ کے لیے ایک آزاد اور ذمہ دار میڈیا ضروری ہے، غلط معلومات اور ڈیجیٹل دور میں، معتبر صحافت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مدثر شاہ نے کہا کہ مستقبل کے صحافیوں کو اخلاقی معیارکو برقرار رکھنے، سچائی کا دفاع کرنے اور دیانتداری اور حوصلے کے ساتھ عوامی مفاد کی خدمت کرنے کے لیے تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا سٹڈیز جامعہ سرگودہاپروفیسر مدثر شاہ نے صحافیوں کو درپیش عالمی خطرات پر بھی روشنی ڈالی، بشمول سنسرشپ، دھمکیاں اور تشدد، خاص طور پر تنازعات والے علاقوں اور آمرانہ حکومتوں میں۔انہوں نے حکومتوں ، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ پالیسی، تحفظ اور تعلیم کے ذریعے آزادی صحافت کی حمایت کریں۔