فرانس میں سعودی سفارتخانے کے زیراہتمام سیمینار

ایونٹ سعودی وژن 2030 کی نویں سالانہ رپورٹ کے اجرا کے موقع پرمنعقدکیا گیا

اتوار 4 مئی 2025 11:25

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)فرانس میں سعودی سفارت خانے نے فرانکوفون بزنس فورم کے ساتھ شراکت میں سعودی عرب کے وژن 2030 پر ایک سیمینار کی میزبانی کی جس میں اس وژن کے کارہائے نمایاں کو یکجا کر کے پیش کیا گیا،میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ایونٹ سعودی وژن 2030 کی نویں سالانہ رپورٹ کے اجرا کے موقع پرمنعقدکیا گیا جس میں سفرا، فرانسیسی اہلکار، میڈیا کے نمائندے، کاروباری لیڈر اور کنسلٹنٹ بھی شریک ہوئے۔

فرانس اور موناکو پرنسپیلٹی کے لیے سعودی سفیر فہد بن معیوف الرویلی نے شرکا کا خیرمقدم جس کے بعد وژن 2030 کی نویں سالانہ رپورٹ کا عمومی جائزہ پیش کیا گیا۔سعودی سفیر نے رپورٹ میں تازہ ترین اعداد و شمار، وژن کے مطابق عبور کیے جانے والے اہم سنگِ میل اور وژن کے دیگر اہداف میں عمدہ اور مضبوط اشاریوں اور کارکردگی کے بارے میں گفتگو کی۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر نے وژن 2030 کے تحت فرانسیسی تعاون اور شراکت کاری اور دونوں ملکوں کے درمیان ان مشترکہ کوششوں کا ذکر بھی کیا جو علاقائی اور بین الاقوامی سکیورٹی اور استحکام کے لیے کی جا رہی ہیں۔

فرانکوفون بزنس فورم کے صدر سٹیو جنٹلی نے اپنی تقریر میں دونوں ملکوں کے درمیان بزنس، ٹیکنالوجی اور اقتصادی شعبے میں بڑھی ہوئی شراکت کا خاص طور پر ذکر کیا۔انھوں نے دونوں ملکوں میں سرمایہ کار اور سعودی عرب میں بزنس کے لیے سازگار ماحول پر بھی بات کی۔العلا ڈیویلپمنٹ کے لیے فرانسیسی ایجنسی کے صدر نے سعودی عرب اور فرانس کے مابین مضبوط ترقی، گہری دوستی اور سٹریٹیجک اتحاد کی تعریف کی۔انھوں نے العلا ڈیویلپمنٹ منصوبے کا جائزہ پیش کیا جو وژن 2030 کے تحت ایک بڑا انیشی ایٹیو ہے اور اس کے مختلف مراحل کی کامیابی پر بات چیت کی۔