امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ کے لباس میں ملبوس اے آئی فوٹو پوسٹ کردی

ہفتہ 3 مئی 2025 19:44

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ کے لباس میں ملبوس اے آئی فوٹو پوسٹ کردی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوپ کے لباس میں اپنی ایک جعلی تصویر پوسٹ کی، انہوں نے مذاق میں کہا کہ وہ اگلے ’کیتھولک پوپ‘ بننا چاہتے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر ٹرمپ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ رنگین تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے، جس میں ان کی دائیں انگلی آسمان کی طرف اشارہ کر رہی ہے، انہوں نے پوپ کی ریگیلیا پہن رکھی ہے، جس میں سفید لباس، سونے کا مصلوب پینڈنٹ اور میٹر ٹوپی شامل ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے پوپ فرانسس کے جانشین کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کے اجلاس سے چند روز قبل رواں ہفتے صحافیوں سے مذاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اگلے پوپ بننا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پوچھے جانے پر کہ وہ پوپ فرانسس کا جانشین کسے بنانا چاہیں گے، ٹرمپ نے کہا کہ ’میں پوپ بننا چاہتا ہوں، یہ میرا پہلا انتخاب ہوگا۔‘ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کی کوئی ترجیح نہیں، لیکن انہوں نے کہا کہ نیو یارک میں ایک کارڈینل ہے جو ’بہت اچھا‘ ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ وہ نیویارک کے آرچ بشپ ٹموتھی ڈولان کی طرف اشارہ کر رہے تھے، جو ایک مذہبی قدامت پسند اور اسقاط حمل کے سخت مخالف رہے ہیں۔ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی، یہ اقتدار میں واپسی کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ بھی تھا۔تقریباً 20 فیصد امریکی خود کو کیتھولک قرار دیتے ہیں، اور نومبر میں ایگزٹ پولز سے پتا چلتا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کے حق میں تقریباً 60 فیصد ووٹ دیے۔پوپ فرانسس عالمی سطح پر ٹرمپ پر تنقید کرنے والے سب سے طاقتور اخلاقی آوازوں میں سے ایک تھے۔