بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مہاجرین جموں و کشمیر کا بچہ بچہ بیقرار

اتوار 4 مئی 2025 13:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مہاجرین جموں و کشمیر کا بچہ بچہ بیقرار ہے،حکومت آزاد کشمیر ہمارے بچوں کو عسکری تربیت فراہم کرنے کا بندوست کرے،آزاد جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں مہاجرین جموں و کشمیر کے کیمپوں کی حالت زار موجودہ حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ کہلانے والے مظفرآباد میں مہاجرین کیمپوں میں رہنے والے آج بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سے کوسوں دور ہیں۔ کشمیر کے نام کا چورن بیچنے کا وقت قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ مہاجرین جموں و کشمیر کے نام پر لوٹ مار کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنے والے قلم کے مجاہدوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سابق امیدوار اسمبلی ویلی چار سید اسماعیل حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید اسماعیل حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔ وطن کی آزادی کے لیے اپنے گھر بار چھوڑ کر اپنے عزیز و اقارب کی جانی و مالی قربانیاں دینے والے ریاست کے ہیرو ہیں۔ دیار غیر میں بسنے والے سینکڑوں کشمیری تارکین وطن اپنے مہاجرین کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ ان کے ہر دکھ درد میں شریک ہیں۔ ہم کسی صورت آزاد ریاست جموں و کشمیر میں مہاجرین کیمپوں کے رہائشیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے نہ ہی ان کے حقوق غصب کرنے والوں کو معاف کریں گے۔