پنجاب کے سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے

اگلے مالی سال میں 250 سکولوں کی اپ گریڈیشن ہوگی اور پنجاب کی 10 تحصیلوں میں 300 ٹیک ایڈ سکول بنیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 مئی 2025 14:40

پنجاب کے سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے، وزیرِاعلیٰ مریم نواز کہتی ہیں کہ بچوں کی تعلیم کے لیے بہت سا کام کرنا چاہتی ہوں، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سکول ایجوکیشن کے موجودہ اور مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، اس دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں11 ہزار سے زائد سکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہو گئی ہے، اگلے مالی سال میں 250 سکولوں کی اپ گریڈیشن ہوگی اور پنجاب کی 10 تحصیلوں میں 300 ٹیک ایڈ سکول بنیں گے۔

بریفنگ سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آئی ٹی اور سائنس لیب ہوگی، لائبریری، ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ اور دیگر جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر تعلیم کو 11 لاکھ بچوں کی انرولمنٹ پر شاباش دیتے ہوئے سکول مینجمنٹ کونسل کو 90 روز میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی، اس موقع پر اُنہوں نے ایک سال کے اندر سکولوں میں درکار کلاس روم بنانے کا بھی حکم دیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے سکولوں کی 580 بوسیدہ اور 2 ہزار 770 خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کی ہدایت کی، انہوں نے 5 لاکھ بچوں کی انگلش ٹرینرز سے سپوکن انگلش ٹریننگ کا ہدف مقرر کیا اور سکول میل پروگرام کا دائرکار وسیع کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیرِاعلیٰ پنجاب نے ہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لیے نواز شریف سکول بنانے کی ہدایت بھی کی اور 5 سال میں 1 ہزار 750 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا ہدف مقرر کیا۔