نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا

چکن، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، کئی سبزیوں کی قیمتیں 500 روپے سے بھی اوپر چلی گئیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 جولائی 2025 20:41

نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2025ء) نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، چکن، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، کئی سبزیوں کی قیمتیں 500 روپے سے بھی اوپر چلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسز عائد کیے جانے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیے جانے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہنگائی کے طوفان شدت اختیار کر گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز کے بعد پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں مہنگائی کا رجحان برقرار ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں، رسد میں کمی، اور ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافے کے سبب سبزیوں بالخصوص لیموں، لہسن اور پیاز کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری نرخنامے کے مطابق سیب کالا پہاڑی (درجہ اول) 230 روپے فی کلو،امرود (درجہ اول) 150 روپے فی کلو،کیلا (درجہ اول) 125 روپے فی درجن،گرما (درجہ اول) 155 روپے فی کلو،آڑو (درجہ دوم) 170 روپے فی کلو،ناشپاتی (درجہ اول) 215 روپے فی کلو ہے، تاہم کہیں بھی سرکاری نرخ کے مطابق پھلوں کی فروخت نہیں ہو رہی ۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق آلو (درجہ اول) 82 روپے فی کلو،پیاز (درجہ اول) 145 روپے فی کلو،لہسن (چائنہ)530 روپے فی کلو،لہسن (دیسی) 385 روپے فی کلو،کھیرا (فارمی)140 روپے فی کلو،بھنڈی (درجہ اول) 90 روپے فی کلو،لیموں (دیسی)690 روپے فی کلو،کریلا (درجہ اول) 160 روپے فی کلو اور ادرک کا ریٹ 500 روپے سے زائد ہے، تاہم پھلوں کی طرح سبزیاں بھی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت نہیں ہو رہیں۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں برائلر گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو اب برائلر گوشت 461 روپے فی کلو کے حساب سے خریدنا پڑ رہا ہے، جو گزشتہ قیمت کے مقابلے میں 37 روپے فی کلو زیادہ ہے۔ زندہ برائلر کا ہول سیل ریٹ 304 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 318 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ میں گوشت اس سے کہیں زیادہ نرخ پر فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی استحکام برقرار ہے اور مارکیٹ میں انڈے 248 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ برائلر گوشت کی قیمتوں میں یہ اضافہ ایک جانب شہریوں کی بڑھتی ہوئی طلب اور دوسری جانب سپلائی چین میں خلل کے باعث ہوا ہے، جس نے قیمتوں کو متاثر کیا۔شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔