سعودی عرب کی سوڈان پورٹ پر ڈرون حملوں کی مذمت

پیر 5 مئی 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) سعودی عرب نے پورٹ سوڈان اور مشرقی قصبے کسلا میں اہم تنصیبات پرحالیہ ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اس طرح کے حملوں کو مسترد کیا اور کہا کہ اس سے علاقائی استحکام اور عرب قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔وزارت نے کہا کہ موجودہ بحران کا حل صرف سیاسی ذرائع سے ہے۔

سوڈان کی خود مختاری اور وحدت کا احترام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے جدہ اعلامیے میں کیے گئے وعدوں پرعمل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جس کا مقصد سوڈان میں شہریوں کا تحفظ ہے۔یاد رہے اتوار کو سوڈان کی پیرا ملٹری ریپڈ فورسز نے پورٹ سوڈان پر ڈرونز سے حملہ کیا، عثمان دقنہ ایئربیس، ویئرہاوسزاورکچھ سویلین تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔اپریل 2023 سے سوڈانی آرمڈ فورسز کے ساتھ جنگ مں مصروف پیرا ملٹری ریپڈ فورسز نے مارچ میں دارالحکومت خرطوم سمت زیادہ ترعلاقے کھونے کے بعد ڈرونز کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔