سپیکر سردارایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

پیر 5 مئی 2025 20:02

سپیکر سردارایازصادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء)قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں قومی اسمبلی کے 16 ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو 16 مئی 2025 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں پہلگام واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی حالیہ پاک-بھارت گشیدہ صورتحال پر بحث کی جائے گی۔اجلاس میں پہلگام واقعہ پر بھارت کی جانب سے جھوٹے الزامات کی مذمت کی گئی۔کمیٹی اجلاس میں بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے نقاب کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پاک-بھارت کشیدہ صورتحال پر متفقہ قرارداد لانے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر اتفاق کیا۔ کمیٹی اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڈ،طارق فضل چوہدری، خالد حسین مگسی اور ممبران قومی اسمبلی، محترمہ شہلا رضا،اعجاز حسین جاکھرانی، ملک عامر ڈوگر، عجاز الحق، نور عالم خان، طلال چوہدری، سید امین الحق، محترمہ شازیہ عطاء مری، ملک عامر ڈوگر، محترمہ زرتاج گل اور پولین بلوچ، گل اصغر خان، ریاض فتیانہ نے شرکت کی۔