Live Updates

سری لنکن ویمنز ٹیم 7 سال بعد بھارت کو شکست دینے میں کامیاب

پیر 5 مئی 2025 20:36

سری لنکن ویمنز ٹیم 7 سال بعد بھارت کو شکست دینے میں کامیاب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) سری لنکن ویمنز ٹیم 7 سال بعد بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی۔ آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمنز ون ڈے ٹرائی سیریز کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔ یہ سری لنکا ویمنز ٹیم کی بھارت کے خلاف ستمبر 2018 کے بعد پہلی ون ڈے فتح ہے۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹر رچا گھوش نے 48 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ دیگر نمایاں بلے بازوں میں جیمائمہ روڈریگز 37، پراتیکا راول 35 اور کپتان ہرمن پریت کور 30 رنز کے ساتھ شامل رہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی جانب سے سوگندیکا کماری اور کپتان چماری اتاپتو نے تین تین کھلاڑیوں کو آٹ کیا، جبکہ انوکا راناویرا اور دیومی وہنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم نے 276 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پانچ گیندوں قبل حاصل کرلیا۔ مڈل آرڈر بیٹر نیلکشی سلوہا نے 33 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، جبکہ اوپنر ہرشیتھا سماراوکرما نے 51 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔کویشا دلہاری 35 اور ویشمی گنارتنے 33 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ آخری لمحات میں سری لنکا کو 44 گیندوں پر 38 رنز درکار تھے اور تین وکٹیں باقی تھیں، تاہم انوشکا سنجیوانی نے 23 اور سوگندیکا کماری نے 19 رنز کے ساتھ ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔بھارت کی جانب سے اسنیہ رانا نے 45 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارندھتی ریڈی، پراتیکا راول اور شری چرنی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات