Live Updates

پی ایس ایل، فخر زمان ایک ٹیم کیلئے سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنیوالے بیٹر بن گئے

35 سالہ بیٹر نے گزشتہ روز کراچی کنگز کیخلاف میچ میں 33 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 51 رنز سکور کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 5 مئی 2025 15:54

پی ایس ایل، فخر زمان ایک ٹیم کیلئے سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنیوالے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مئی 2025ء ) لاہور قلندرز کے اوپننگ بیٹر فخر زمان پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک ٹیم کے لیے سب سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے والے بیٹر بن گئے۔ 
35 سالہ فخر زمان نے گزشتہ روز کراچی کنگز کیخلاف میچ میں 33 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 51 رنز سکور کیے، یہ فخر زمان کی لاہور قلندرز کے لیے 24ویں نصف سنچری تھی جو کسی بھی بیٹر کی ایک پی ایس ایل ٹیم کے لیے سب سے زیادہ ففٹیز ہیں۔

 
اس فہرست میں بابر اعظم کراچی کنگز کی جانب سے 23 نصف سنچریاں سکور کرکے دوسرے، محمد رضوان ملتان سلطانز کی جانب سے 22 ففٹیز کے ساتھ تیسرے، کامران اکمل پشاور زلمی کی جانب سے 15 نصف سنچریاں سکور کرکے چوتھے جب کہ بابر اعظم پشاور زلمی کے لیے 14 ففٹیز بنا کر پانچویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 10 کے بارش سے متاثرہ میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔

 
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کے 24 ویں میچ میں کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 
لاہور قلندرز نے 7.5 اوورز میں ایک وکٹ پر 90 رنز بنائے تھے کہ ہلکی بارش شروع ہوگئی جس کے سبب میچ کو روکنا پڑا اور میچ بارش کے سبب فی اننگز 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ 
لاہور قلندرز نے مقررہ 15 اوورز میں 8 وکٹ پر 160رنز بنائے تھے، ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت ہدف میں تبدیلی کی گئی اور کراچی کو 168 رنز کا ہدف ملا۔

لاہور کی جانب سے محمد نعیم نے 65 اور فخر زمان نے 51 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
جواب میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کا 168 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ٹم سائفرٹ نے 24،24 رنز سکور کیے، سعد بیگ نے 25، خوشدل شاہ نے 9 اور محمد نبی نے 15 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کراچی کو میچ جتوا دیا۔ان کی برق رفتار اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات