ڈیرہ غازی خان پولیس کی کارروائی ،نوجوان پر تشدد میں ملوث 8 افراد گرفتار

پیر 5 مئی 2025 21:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) ڈیرہ غازی خان میں تھانہ دراہمہ پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے نوجوان پر تشدد میں ملوث 8 افراد گرفتار کر لئے ۔ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق تھانہ دراہمہ کے علاقے موضع حاجی غازی غربی میں پرانے تنازعہ پر ماچھی برادری کے چند افراد نے ایک نوجوان کو اغوا کر کے سیڑھی سے باندھا، تشدد کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

واقعے کی اطلاع پر تھانہ دراہمہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ متاثرہ نوجوان کا میڈیکل معائنہ بھی مکمل کروایا گیا۔ بعد ازاں ویڈیو میں تشدد کرتے ہوئے نظر آنے والے مزید 2 ملزمان کو بھی شناخت کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان، سید علی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے، کسی بھی شہری پر تشدد کرنے اور ویڈیوز کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں کے لیے ڈیرہ غازی خان میں کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ڈیرہ غازی خان پولیس کی اولین ترجیح ہے، ایسے عناصر کو ہر صورت قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔