کراچی،بہادر شہری کی بیکری میں ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش، ساتھی نے اندھا دھند فائرنگ کردی

پیر 5 مئی 2025 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء) بیکری میں واردات کے دوران بہادر شہری نے ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے گلشن بہار میں شہری نے ڈاکوئوں کو پکڑنے کی کوشش کی، اس دوران ملزمان بہادر شہری کو گولی مارکر فرار ہوگئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی۔

(جاری ہے)

موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان واردات کیلئے بیکری میں داخل ہوئے، ملزمان نے بیکری سے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔شہری نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزم کا اسلحہ چھینا، ملزم کے دوسرے ساتھی نے بہادر شہری پر فائرنگ کردی، شہری گولی لگنے سے سڑک پر تڑپتا رہا، ملزمان اندھادھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کرنے والا بہادر شخص نشے کا عادی ہے، واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔