ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر کاایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے مختلف مراکز کا دورہ

پیر 5 مئی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے مختلف مراکز کا دورہ کیا تاکہ امتحانی عمل کی شفافیت، منصفانہ انعقاد اور طلباء کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں بیٹھنے کے انتظامات، نگرانی کے نظام اور سیکیورٹی اقدامات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے امتحانی ماحول، سہولیات اور نگرانی عملے کے رویے کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جن پر طلباء نے اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر حبیب نصیر نے امتحانی عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، دیانتداری اور مکمل سنجیدگی سے انجام دیں تاکہ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مؤثر روک تھام کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ شفاف اور منصفانہ امتحانات کا انعقاد ہی طلباء کی محنت کا اصل صلہ ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی جاری رکھے گی اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ طلباء کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ محنت، لگن اور دیانتداری کے ساتھ امتحانات میں کامیابی حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :