Live Updates

پاکستانیوں کا بھارتی دفاعی اداروں پر سائبر حملہ

حملہ آوروں نے دفاعی اہلکاروں کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی،بھارتی میڈیا

منگل 6 مئی 2025 16:56

پاکستانیوں کا بھارتی دفاعی اداروں پر سائبر حملہ
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)بھارتی میڈیا نے پاکستان سائبر فورس نامی گروہ کی جانب سے بھارتی دفاعی اداروں پر سائبر حملے اور حساس ڈیٹا تک رسائی کا دعوی کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پاکستان سائبر فورس کے اکانٹ نے دعوی کیا ہے کہ اس گروپ نے بھارتی ملٹری انجینئرنگ سروس اور منوہر پاریکر انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اسٹڈیز اینڈ اینالیسز کے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس دعوے میں کہا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے دفاعی اہلکاروں کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی، جس میں ان کے لاگ اِن کریڈنشلز بھی شامل ہیں۔اس ڈیٹا لیک کے علاوہ، یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ اس گروپ نے آرمرڈ ویہیکل نگم لمیٹڈ جو کہ وزارت دفاع کے تحت کام کرنے والی ایک پی ایس یو کمپنی ہے، اس کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

ویب سائٹ کو پاکستانی پرچم اور الخالد ٹینک کی تصویر کے ساتھ ڈیفیس کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آرمرڈ ویہیکل نگم لمیٹڈ کی ویب سائٹ کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مکمل اور تفصیلی آڈٹ کے لیے آف لائن کر دیا گیا ہے تاکہ ڈیفیسمنٹ کی کوشش سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے اور ویب سائٹ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات