Live Updates

فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار کی بھارت کے زیراستعمال رافیل طیارہ مار گرانے کی تصدیق

فرانسیسی ساختہ جنگی طیارہ رافیل مار گرائے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے، رافیل طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی کا جواب دینے سے گریز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 مئی 2025 21:44

فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار کی بھارت کے زیراستعمال رافیل طیارہ مار ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 مئی 2025ء ) فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے بھارت کے زیراستعمال رافیل طیارہ مار گرانے کی تصدیق کردی ہے۔ فرانسیسی اعلیٰ انٹیلی جنس اہلکار نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے جدید ترین رافیل جیٹ طیارہ مار گرایا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی ساختہ جنگی طیارہ رافیل مار گرائے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے بھارت کے زیراستعمال رافیل طیارہ مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم رافیل لڑاکا جیٹ طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈیسالٹ ایوی ایشن نے سی این این کو جواب دینے سے گریز کیا۔ فرانسیسی اہلکار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے رافیل طیارہ مار گرایا، حکام مزید نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سی این این کی رپورٹر ساسکیا وینڈورن کے مطابق ایک اعلیٰ سطحی فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ آج پاکستان نے انڈین ایئرفورس کے زیرِ استعمال ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا۔

اگر یہ درست ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ فرانسیسی ساختہ جدید جنگی طیارہ کسی لڑائی میں تباہ ہوا ہے۔ پاکستان نے آج اس سے قبل دعویٰ کیا کہ اس نے انڈین حملوں کے جواب میں پانچ انڈین جنگی طیارے مار گرائے ہیں جن میں تین رافیل بھی شامل ہیں۔ بھارتی حکام کی طرف سے اس دعوے پر ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ فرانسیسی اہلکار نے سی این این کو مزید بتایا کہ فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا رات کے وقت پاکستان نے ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے ہیں۔

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایتی جنگ میں پاکستان کوپیچھے چھوڑنے کے دعویداروں کوواضح پیغام مل گیا، بھارت کے مکروہ عزائم کوناکام بناکر بہادرافواج نے تاریک رات کوروشن کردیا، رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کومؤثرجواب دیا گیا، بھارت نے حملے میں عورتوں اوربچوں سمیت نہتے افراد کوشہید کیا۔

پاکستان نے احتیاط سے کام لیا ورنہ دس بھارتی طیارے تباہ کرسکتے تھے، دفاع وطن کے لئے خون کے نذرانے دینے والے ہمارے محسن ہیں، شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہماری سرحدیں محفوظ ہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب میں کہا کہ ہم نے احتیاط سے کام لیا چاہتے تو انڈیا کے 10 طیارے گرا سکتے تھے ہم جوہری طاقت ہیں لیکن کل رات ہم نے روایتی ہتھیاروں سے ہی انڈیا کو پیچھے چھوڑ دیا کل کا جو واقعہ ہوا جس میں اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح عطا فرمائی اس کی وجہ ہماری بھرپور تیاری اور مسلح افواج کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے. قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے اور میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں سے ملک کی ترقی اور دفاع میں متحد ہونے کی دعوت دیتا ہوں اور یہی موقع ہے کہ پاکستان کو عظیم ملک بنایا جائے انہوں نے کہا کہ تمام عسکری قیادت کو یہ ایوان ایک قرارداد کے ذریعے خراج تحسین پیش کرتا ہے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس حملے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد کی اموات ہوئیں۔

پہلگام حملے میں ملوث ہونے کے الزام کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا دور دور تک اس سے واسطہ نہیں ہم نے کہا تھا کہ اگر کسی کو شک ہے تو اس کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں پاکستان تعاون کرے گا لیکن انڈیا نے ہماری پیشکش کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان حالات میں ہر روز اطلاع ملتی تھی کہ آج انڈیا کے جہاز آئیں گے ہماری افواج 24 گھنٹے تیار تھیں کہ کب دشمن کے جہاز اڑیں اور انہیں سمندر میں پھینک دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انڈیا نے فرانس سے رافیل طیارے خریدے جس پر اسے ناز تھا ہم نے چند روز پہلے ہی انہیں انٹرسیپٹ کر کے لاک کر دیا تھا اور وہ فوری پلٹ کر سری نگر میں لینڈ کر گئے. وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں لمحہ بہ لمحہ خبریں مل رہی تھی انڈیا نے کل رات پوری تیاری کے ساتھ حملہ کیا 80 جہاز اس حملے میں شریک تھے کشمیر کے دو علاقوں، بہاولپور، شیخوپور اور سیالکوٹ میں انڈین طیاروں نے حملہ کیا وہ مکمل تیاری میں تھے جونہی ان کے جہازوں نے پے لوڈ ریلیز کیے ہمارے عقاب ان پر جھپٹے اور آناً فاً پانچ مار گرائے جن میں سے تین رافیل تھے جو کشمیر اور بھٹنڈا میں جا کر گرے.
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات