Live Updates

بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی اب اس کو خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا

ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ وقت کا مرہم بھی نہیں بھر سکے گا، روائتی ہتھیاروں کی جنگ میں بھی دشمن پر برتری ثابت کردی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کا قوم سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 مئی 2025 22:41

بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی اب اس کو خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 مئی 2025ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی اب اس کو خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضرب لگائی کہ وقت کا مرہم بھی نہیں بھر سکے گا، روائتی ہتھیاروں کی جنگ میں بھی دشمن پر برتری ثابت کردی ہے۔انہوں نے براہ راست سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ رات جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی ہے اب اس کا اسے خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے، لیکن وہ یہ بات بھول گئے اللہ تعالیٰ کے کرم سے یہ بہادروں کی فوج ہے جو اپنے عزم میں فولادی ہے، جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے اور وطن کی حفاظت کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کو تیار ہیں ، گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ عددی اعتبار سے کئی بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے، ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5جنگی طیارے ان کا غرور تھے وہ اب صرف راکھ ملبہ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کل ایم ایم عالم کی گرج کل رات دوبارہ پورے زور گونجتی رہی، ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جن کو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔ بھارت کے بزدلانہ حملوں میں 26 شہری شہید اور 46شہری زخمی ہوئے ہیں۔شہداء میں بچے بوڑھے اور خواتین شامل ہیں۔شہید ارتضیٰ عبا س کی عمر صرف 7سال تھی،وہ گھر میں موجود تھا ، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ ایک ننھا منھا پھول جو کھلنے سے پہلے ہی مرجھا گیا، تمام شہداء کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

پورا پاکستان شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہے، زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، عہد کرتے ہیں کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا۔بھارت وہ بزدل دشمن ہے جو نہتے لوگوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے۔ہم نے ثابت کردیا کہ پاکستا ن اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔پاکستانی پائلٹ نے اپنی سرحدی حدود میں رہتے ہوئے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دیئے۔

اللہ تعالیٰ کے کر م وفضل سے پاکستان نے روائتی ہتھیاروں کی جنگ میں بھی دشمن پر اپنی برتری ثابت کردی ہے۔میں اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف ، افواج پاکستان کے ہرسپاہی اور افسر کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان پر بھارتی حملہ بلاجواز ہے، پاکستان نے غیرجانبدرانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، دنیا ہماری پیشکش کی بھرپور تائید کی لیکن بھارت نے عالمی تقاضوں اور قانون کو پامال کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر ایک مسلمہ تنازع تھا اور ہے اور اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیری بہن بھائیوں کو اقوام متحدہ کے زیرتحت حق نہیں مل جاتا۔

خطے میں سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہو اہے ، 90ہزار سے زائد شہادتیں ہوئیں، 152ارب ڈالر سے زائد مالی نقصان اٹھایا۔ بھارت کی خام خیالی ہے کہ اس کی موجودہ مہم جوئی دہشتگردی کے خاتمے کے جنگ سے ہماری توجہ ہٹا سکے گی، ہم دہشتگردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ 24کروڑ پاکستانی اور فوج یکجان ہیں، پوری قوم اپنی مسلح فواج کے ساتھ ملکر دشمن کا مقابلہ کریں گے اور شکست دیں گے۔ 
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات