Live Updates

بھارتی پراکیسز کے گرد گھیراتنگ ہوا تو بھارتی فوج خود میدان میں اتر آئی

شواہد سامنے آچکے کہ بھارت ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے،جب دہشتگردوں پر زمین تنگ کی گئی تو بھارت فوج کے ساتھ دہشتگردی پر اتر آیا، حملے میں 31 معصوم شہری شہید اور 57شہری زخمی ہوچکے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 7 مئی 2025 23:21

بھارتی پراکیسز کے گرد گھیراتنگ ہوا تو بھارتی فوج خود میدان میں اتر ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 مئی 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی پراکیسز کے گرد گھیراتنگ ہوا تو بھارتی فوج خود میدان میں اتر آئی ، شواہد سامنے آچکے کہ بھارت ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے،جب دہشتگردوں پر زمین تنگ کی گئی تو بھارت فوج کے ساتھ دہشتگردی پر اتر آیا۔ انہوں نے اے آروائی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب دشمن کے بزدلانہ اور افسوسناک حملے میں شہادتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 31 معصوم شہری شہید ہوچکے ہیں اور 57شہری زخمی ہوچکے ہیں، شہادتوں اور زخمی کی تعداد بڑھنے کی بڑی وجہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جاری بلااشتعال فائرنگ اور سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا دشمن اس قدر بزدل ہے کہ اپنے سامنے مدمقابل فوج سے لڑنے کی بجائے رات کو بزدلوں کی طرح چھپ کر معصوم شہریوں اور آبادیوں کو نشانہ بناتا ہے، بھارت کی بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم شہری اور کم عمر بچے ہیں، یہ معصوم بچے جنہوں نے ابھی زندگی کی بہاریں دیکھنا تھیں، کیا یہ ہیں وہ دہشتگرد؟بھارت اپنی پراکسیزکے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، جن کے شواہد دنیا کے سامنے ہیں، جب پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف زمین تنگ کرنا شروع کی تو وہ خود اپنی بھارتی فوج کے ساتھ مل کر دہشتگردی کی کاروائی پر اتر آیا۔

6اور 7مئی کی درمیان شب بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ، یہ دہشتگردی نہیں تو کیا ہے؟یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ دہشتگردی اور قتل وغارت میں بھارت کس طرح ملوث ہے۔ بھارتی فوج نے کل مساجد کو نشانہ بنایا قرآن پاک شہید کئے گئے، دنیا میں کون سا مذہب ہے جو اجازت دیتا ہے کہ کسی دوسرے مذہب کی مساجد اور مقدس کتابوں کو شہید کریں اور بے حرمتی کریں۔افواج پاکستان نے اپنے دفاع میں صرف ملتری ٹارگٹ کو چنا، سویلین کو نشانہ نہیں بنایا۔پاک فضائیہ نے انڈیا کے جدید طیاروں کو دھول چٹا دی، تین رافیل ایک مگ 29اور ایک ایس یو 30، تینوں کو تباہ کیا گیا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات