سردار ایاز صادق کی وفاقی وزیر چوہدری احسن اقبال پر 6 مئی 2018 کو ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت اور جمہوری نمائندگان کی جرات کو خراج تحسین

منگل 6 مئی 2025 17:25

سردار ایاز صادق کی وفاقی وزیر چوہدری احسن اقبال پر 6 مئی 2018 کو ہونے والے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، چوہدری احسن اقبال پر 6 مئی 2018 کو ہونے والے بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک منتخب نمائندے پر حملہ تھا، بلکہ جمہوری اقدار اور عوامی آواز کو دبانے کی ایک ناکام کوشش تھی۔

اپنے بیان میں اسپیکر نے کہا کہ چوہدری احسن اقبال نے جس جرات، حوصلے اور استقامت کے ساتھ اس جان لیوا حملے کا سامنا کیا، وہ ہمارے جمہوری نظام اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کی زندہ مثال ہے۔ ان کا حوصلہ دہشتگردی کے خلاف قومی یکجہتی کی علامت ہے۔سردار ایاز صادق نے اس موقع پر تمام پارلیمنٹرینز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ماضی میں دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسے سنگین چیلنجز کا نہایت دلیری سے مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاہے وہ اسمبلی کا حصہ ہوں یا نہ ہوں، منتخب عوامی نمائندوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کی ترجمانی کی اور جمہوری اصولوں کا دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم ان بہادر نمائندوں کی مقروض ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ریاست، جمہوریت، اور عوامی مفادات کی حفاظت کو ترجیح دی۔ ایسے تمام جری ارکان پارلیمنٹ ہمارے قومی ہیرو ہیں، جن کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد اور پرعزم ہے اور آئندہ بھی جمہوری استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔