تعلیم کے شعبے میں اساتذہ کی غیرحاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا، ڈی سی

منگل 6 مئی 2025 17:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن(ریٹائرڈ )جمیل بلوچ نےکہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں اساتذہ کی غیر حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا، کالج میں تعینات اساتذہ اپنی حاضریاں یقینی بنائیں، کالجز میں تدریسی عملے کی کمی کو کافی حدتک پورا کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنمنٹ گرلز کالج اور گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج قلات کے تفصیلی دورے کے موقع پر اساتذہ کرام اور اسٹاف سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔

اس موقع پر دونوں کالجز کے پرنسپلز نے ڈپٹی کمشنر کو کالجوں کادورہ کرایا اور کالجوں میں دستیاب بنیادی سہولیات ،درپیش مسائل ،سٹاف کی تعداد ،اساتزہ کی حاضریاں، کلاس رومز میں طلباو طالبات کی تعداد، کورسز، لائبریری میں دستیاب کتابوں سمیت نئی تعمیر شدہ بلڈنگ اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اساتذہ اپنی تمام ترتوجہ بچوں کی تعلیم کو دیں کیونکہ بہتر تعلیم سے ہی ملک وقوم کی ترقی ممکن ہے اور تعلیم ہی انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال سکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قلم دنیا کی سب سی بڑی طاقت ہے، طلباء سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرکے اپنا تعلیمی مقاصد حاصل کریں،کالجوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنا ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔