ڈی جی سپورٹس پنجاب کی زیر صدارت نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے اہم اجلاس

منگل 6 مئی 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے تحصیل سے ڈویژن سطح تک ٹرائلز اور مختلف گیمز کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں نیشنل گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے والی بال، کبڈی، بیڈمنٹن اور ہاکی کے انٹرڈویژن مقابلے اور ٹرائلز ہوں گے۔

ان گیمز اور ٹرائلزکا انعقاد لاہور اور فیصل آباد میں ہوگاجس کیلئے 30ہزار کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تحصیل اور ڈسٹرکٹ سطح پر2808کھلاڑی حصہ لیں گے،نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پنجاب کی تمام تحصیلوں، اضلاع میں ٹرائلز اور ڈویژنل سطح پرمقابلے ہوں گے،ان گیمز سے35ویں نیشنل گیمز کیلئے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، انہوںنے مزید کہا ہے کہ 35ویں نیشنل گیمز کیلئے ہمیں مزید وقت مل گیا ہے ہمیں ان گیمز سے نیشنل گیمز کی تیاری میں مدد ملے گی، نئے کھلاڑیوں سامنے آئیں گے جو پنجاب کیلئے میڈل جیتیں گے، نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ٹرائلز اور گیمز کا انعقاد جلد ہوگا،اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس راناندیم انجم،ڈپٹی ڈائریکٹر زچاند پروین،یاسمین اختر، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ محمد حفیظ بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز وسیم، رئیس الرحمان، نبیل اکرم اورمحی الدین ودیگر نے شرکت کی ۔