Live Updates

بھارتی حریف کو شکست دینے والے پاکستانی باکسر شہیر آفریدی وطن واپس پہنچ گئے ،کراچی ایئر پورٹ پرتپاک استقبال

بدھ 7 مئی 2025 18:19

بھارتی حریف کو شکست دینے والے پاکستانی باکسر شہیر آفریدی وطن واپس ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)تھائی لینڈ میں منعقدہ پاک بھارت باکسنگ مقابلے میں روایتی حریف کو شکست دینے والے پاکستانی باکسر شہیر آفریدی واپس وطن پہنچ گئے۔کراچی ایئر پورٹ پہنچنے پر قومی باکسرکا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی،شہیر آفریدی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں۔

شہیر آفریدی کا استقبال کرنے والوں میں صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی،رکن سندھ اسمبلی آصف موسی، چنیسر ٹاون کے چیئرمین فرحان غنی، ڈی آِئی جی اظفر مہیسر، ایس ایس پی علی رضا و دیگر شامل تھے۔شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کوچوتھے رانڈ میں زیر کرکے فتح اپنے نام کی تھی۔

(جاری ہے)

تیسرے رانڈ میں ہی بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا لڑکھڑا گئے تھے،چوتھے رانڈ میں ریفری نے بھارتی باکسر کی خراب حالت دیکھ کر مزید کھیل کو روک کر پاکستانی باکسر کو ٹیکنیکل ناک اٹ کی بنیاد پر فاتح قرار دے دیا تھا۔

مڈل ویٹ کیٹیگری میں شہیر آفریدی کی یہ 18 ویں فائٹ تھی ۔ اس کامیابی کے بعد سندھ پولیس سے تعلق رکھنے والے کمانڈو شہیر آفریدی دنیا کے 50 بہترین باکسر میں شامل ہوگئے۔شہیر آفریدی نے اب تک 18 مقابلے لڑے، 16 میں کامیاب رہے ، ایک ہارے اور ایک برابر رہا جبکہ ان کے بھارتی حریف ترجوت سنگھ باوا پروفیشنل باکسنگ میں اب تک ناقابل شکست تھے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات