Live Updates

ٴپاکستان زرعی تحقیقا تی (پی اے آرسی)کونسل کی حالیہ بھرتیوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کی تردید

حالیہ بھرتیاں مکمل طور پر قانون، قواعد و ضوابط اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں‘وضاحتی بیان جاری

بدھ 7 مئی 2025 20:15

&اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2025ء)پاکستان زرعی تحقیقا تی کونسل نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں بھرتیوں کے خلاف چلنے والی حالیہ مہم کو بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ایک وضاحتی بیان کے مطابق پی اے آر سی قومی سطح پر زرعی تحقیق کا معتبر ادارہ ہے جو ملک میں زرعی تحقیق، پیداوار میں اضافہ، اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

کونسل کے سائنسدانوں نے فصلوں، مویشیوں، زرعی مشینری، قدرتی وسائل، اور دیگر اہم شعبہ جات میں نمایاں تحقیقی خدمات انجام دی ہیں۔کونسل کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ حالیہ بھرتیاں مکمل طور پر قانون، قواعد و ضوابط اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان بھرتیوں میں پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 71 سے زائد اضلاع کے اعلیٰ تعلیم یافتہ، قابل اور اہل سائنسدانوں کا شفاف طریقے سے انتخاب عمل میں لایاگیا۔

ان منتخب افراد میں گولڈ میڈلسٹ اور ٹاپ پوزیشن ہولڈرز شامل ہیں، جو جدید زرعی تحقیق میں مہارت رکھتے ہیں۔پی اے آر سی چیئرمین، ڈاکٹر غلام محمد علی کی قیادت میں ادارے نے ملکی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کئی انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں کونسل نے پہلی بار 10 ارب روپے سے زائد کی بین الاقوامی تحقیقی گرانٹس حاصل کیں، جو کہ ادارے اور ملک کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔

ڈاکٹر غلام محمد علی کو پاکستان میں صدارتی ستارہِ امتیاز اور جنوبی کوریا کے صدارتی ایوارڈ برائے سائینس وٹیکنالوجی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔کونسل کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر، جنہیں ماضی میں بدعنوانی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کے باعث ادارے سے برطرف کیا گیا، اب ذاتی مفادات کی خاطر بے بنیاد الزامات اور جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کونسل ایسے تمام الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور متعلقہ حکام سے درخواست کرتی ہے کہ ان منفی عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل تمام متعلقہ اداروں، حکام اور میڈیا نمائندگان کو دعوت دیتی ہے کہ وہ پی اے آرسی اور این اے آرسی کا دورہ کرتے ہوئے سائنسدانوں سے براہِ راست بریفنگ حاصل کریں اور خود زمینی حقائق کا مشاہدہ کریں۔ کونسل اپنے شفاف، پیشہ ورانہ اور تحقیقی معیار کی بنیاد پر ملکی زراعت کو ترقی دینے کے مشن پر گامزن ہے اور ہر قسم کی افواہوں اور منفی مہم کے باوجود اپنا قومی فریضہ احسن طریقے سے انجام دیتی رہے گی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات