چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی

خطے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کو مزید موثر بنانے کاجائزہ لیاگیا تمام طبی عملہ بشمول ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کی چھٹیاں منسوخ ،ہائی الرٹ رکھنے کی بھی ہدایت

بدھ 7 مئی 2025 21:25

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)خطے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کو مزید موثر بنانے کیلئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بشمول صوبائی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے نے شرکت کی، جس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

سکرٹری داخلہ نے حالیہ بھارتی فضائیہ کی جارحیت کے تناظر میں ممکنہ خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے واضح کیا کہ حکومت ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور فعال ہے اور ہنگامی حالات میں فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت کو درج ذیل اقدامات کی ہدایت دی گئی،جس میں تمام ہسپتالوں کو الرٹ رکھا جائے اور مکمل فعالیت کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

تمام طبی عملہ بشمول ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔خون کے ذخائر کو محفوظ رکھا جائے اور فوری طور پر خون عطیہ کرنے کی مہم شروع کی جائے۔اجلاس میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہمہ وقت ہائی الرٹ رہیں اور حکومتی مشینری کو مکمل فعال رکھیں۔مواصلاتی نظام کی بلا تعطل فعالیت کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں خوراک اور اناج کے ذخائر کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری ایکسائز کو پی او ایل ڈپو کا معائنہ کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ ایندھن کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام برادریوں، خصوصاً سرحدی علاقوں سے قریبی رابطے میں رہیں اور انہیں تازہ ترین صورتحال سے بروقت آگاہ کرتے رہیں۔اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت گلگت بلتستان تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور عوام کی سلامتی و تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

متعلقہ عنوان :