شارجہ حکومت اور پاکستان بزنس کونسل نے پہلی بار سرکاری سطح پر یومِ آزادی پاکستان شاندار انداز میں منایا

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعرات 14 اگست 2025 19:22

شارجہ حکومت اور پاکستان بزنس کونسل نے پہلی بار سرکاری سطح پر یومِ آزادی ..
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2025ء) شارجہ میں پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ایک تاریخی تقریب منعقد ہوئی جس میں پہلی بار شارجہ حکومت کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے اشتراک سے سرکاری طور پر جشنِ آزادی پاکستان منایا۔ یہ پروقار تقریب شارجہ میری ٹائم ثقافتی مرکز میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبداللہ سلطان العویس تھے۔

تقریب میں قونصل جنرل پاکستان حسین محمد، ڈائریکٹر جنرل شارجہ چیمبر محمد احمد امین العوضی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل عبدالعزیز الشامسی، ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر فاطمہ المقرب، کمرشل قونصلر علی زیب خان، چیئرمین پاکستان بزنس کونسل شارجہ ڈاکٹر ایس ایم طاہر، سید سلیم اختر، سلمان وصال محمد، عامر حسین، علی رافع، حاجی محمد یاسین، ظہیر احمد، خاور حسین، راجہ سرفراز، سید عزیز اللہ، ندیم شاہد، سہیل خاور، سید آصف زمان، محمد فاروق سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی ترانوں سے ہوا۔ عبداللہ سلطان العویس نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اقتصادی شراکت کو مزید فروغ دینے کی جانب اہم قدم ہے۔ قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے بتایا کہ مالی سال 2023 اور 2024 میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 9.10 ارب امریکی ڈالر رہا، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے، اور ویزہ پالیسی میں نرمی کے بعد وہ دن دور نہیں جب پاکستانی آن آرائیول ویزہ پر یو اے ای آ سکیں گے۔ چیئرمین پاکستان بزنس کونسل ڈاکٹر ایس ایم طاہر نے کہا کہ کونسل تجارتی نمائشوں میں بھرپور شرکت اور نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے شارجہ چیمبر کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

تقریب میں یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں اور شرکاء نے میری ٹائم میوزیم کا دورہ کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے ساتھ اس شاندار پیمانے پر جشنِ آزادی پاکستان منایا، جو دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی اور پاکستان کمیونٹی کے فخر کا باعث ہے۔ 
پاکستان–یو اے ای دوستی زندہ باد