ژ*علامہ محمد آصف حسینی پر ایک بزدلانہ قاتلانہ قابل مذمت ہے، قومی مرکز

بدھ 7 مئی 2025 21:55

۵کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2025ء) قومی مرکز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب قومی مرکز آمد کے موقع پر علامہ محمد آصف حسینی پر ایک بزدلانہ قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں عباس علی نجار ملوث ہے، جو معروف تخریبی عناصر تقی اسدی کا آلہ کار ہے۔بیان میں قومی مرکز نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت وقت و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ ہے کہ ان عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ہم اس موقع پر قوم کو چند اہم نکات سے آگاہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں قومی مرکز ہر قسم کے تشدد اور بدامنی کے خلاف ہے۔ ہم نے ہمیشہ برداشت، حکمت اور پر امن جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہے۔ تشدد اور بد معاشی کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ بگڑتے ہیں، اور ہم ان منفی روشوں کی کھل کر مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارا نصب العین قوم کو متحد کرنا اور مسائل کو اخلاص و ایمانداری سے حل کرنا ہے۔

ہم سیاسی، سماجی اور قومی سطح پر ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ قوم کو تقسیم کرنے والے عناصر کو ناکام بنایا جائے۔ ہزارہ ٹائون کے معاملات اور موجودہ بدانتظامی سے قومی مرکز کا کوئی تعلق نہیں۔ گزشتہ 20 سالوں سے یہاں کہ مقامی اختیار دار تمام تر معملات اور سیاہ و سفید کے مالک تھے۔ مگر چونکہ ہم ہی بول رہے ہیں، اور اصلاح کی بات کر رہے ہیں، اس لیے مفاد پرست ٹولے اور مافیاز ہمارے خلاف یکجا ہو چکے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت ہر محاذ پر جھوٹ اور الزام تراشی کر رہے ہیں۔

ہم ان تمام شر پسندوں کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں خوفزدہ کر کے ہمارے اصولی موقف سے ہٹایا جا سکتا ہے، تو آپ شدید غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔ ہم ایک انچ بھی قومی مفادات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، چاہے ہمیں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔ علامہ آصف حسینی قوم کے لیے ایک امید ہیں۔ وہ مخلص، بے لوث، اور غیرت مند قیادت کا استعارہ ہیں۔

ان پر حملہ دراصل پوری قوم کی آواز پر حملہ ہے، اور ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ان کی جان یا ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ ہمارے معاشرے میں مخلص افراد کو ہمیشہ نشانہ بنایا جاتا ہے تاکہ قوم شعور حاصل نہ کر سکے اور مافیا کی حکمرانی قائم رہے۔ لیکن ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم ان تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے۔ آخر میں، قومی مرکز تمام باضمیر افراد، نوجوانوں، علما اور عوام سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس نازک موقع پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ وقت آگیا ہے کہ ہم حق و صداقت کی صف میں کھڑے ہو جائیں اور اپنی قوم کو ان سازشوں سے نجات دلائیں۔