سعودی عرب العلا میں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے لیڈرز کی میزبانی کرے گا

جمعرات 8 مئی 2025 09:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) سعودی عرب رواں سال 2025 کی آخری سہ ماہی میں العلا گورنریٹ میں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے رہنماؤں کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔العربیہ کے مطابق میزبانی کا یہ قدم سلامتی اور سیاست کے شعبوں میں بین الاقوامی مکالمے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر سعودی عرب کے کردار کو اجاگر کر رہا ہے۔اس میزبانی کا اعلان میونخ لیڈرز میٹنگ میں کیا گیا جو 5 سے 7 مئی کو واشنگٹن میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

اس میٹنگ میں سعودی عرب کی نمائندگی وزارت خارجہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پالیسی پلاننگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد بن سعود الکبیر نے کی۔اجلاس میں انہوں نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر بینیڈکٹ فرینک سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فرینک نے اس ایونٹ کی میزبانی لینے پر مملکت کی تعریف کی اور کہا کہ اجلاس کی تفصیلات اور مقاصد پر مشتمل ایک بیان بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دریں اثنا شہزادہ ڈاکٹر عبداللہ بن خالد نے بین الاقوامی امن و سلامتی کی حمایت اور کثیر الجہتی مکالمے کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔