کاشتکاروں کو20 مئی سے دھان کی منظور شدہ اقسام کی کاشت کیلئے تیاریاں مکمل کرنے کی سفارش

جمعرات 8 مئی 2025 14:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) کاشتکاروں کو 20 مئی سے دھان کی منظورشدہ اقسام کی کاشت کیلئے تیاریاں مکمل کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بہترین پیداوار کے حصول کیلئے کاشتکار دھان کی منظور شدہ باسمتی اقسام سپر باسمتی،پی ایس2، باسمتی385، باسمتی 2000،باسمتی515، با سمتی370،باسمتی پاک،شاہین باسمتی اور باسمتی 198 (صرف ساہیوال، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں کیلئے)،ہائبرڈ اقسام میں وائے 26،پرائیڈ1،شہنشاہ 2،پی ایچ بی 71،پی کے386 اورنیاب2013 وغیرہ جبکہ موٹی اقسام میں کے ایس282،نیاب اری9،اری 6،کے ایس کے 133 اورکے ایس کے434 وغیرہ کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ انہیں بمپر کراپ حاصل ہو سکے نیز اچھی پیداوار کے حصول کیلئے خالص، صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ بیج کا ہونا بھی انتہائی ضروری ہے تاہم کاشتکار کمبائن سے کاٹی ہوئی فصل کا بیج استعمال نہ کریں بلکہ ہاتھ سے کاٹی ہوئی فصل کا بیج استعمال کریں۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ماہرین زراعت نے کہاکہ صوبہ پنجاب میں دھان کی فصل کی پنیری کی کاشت کیلئے کدو کا طریقہ،خشک طریقہ یا راب کا طریقہ رائج ہے اسلئے کاشتکار کدو کے طریقہ میں بیج کو نمکین پانی میں بھگوئیں اور چار گیلن یا 18 لیٹر پانی میں 450گرام خوردنی نمک ڈال کر ہلائیں اس طرح ناقص اور ہلکا بیج اوپر آ جائے گالہٰذا اسے نتھارلیں اور بعد ازاں بیج کو پانی سے دھوکر صاف کرلیں نیز بیج سے نمک صاف کرنے کے بعد بیج کو 24گھنٹے پانی میں بھگو لیں اور انگوری مارنے کیلئے بیج سایہ دار جگہ پر چھوٹی چھوٹی ڈھیریوں یعنی 15سے20 کلو گرام فی ڈھیری رکھیں اور گیلی بوریوں سے ڈھانپ دیں اس طریقہ کو دبو دینا کہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار زیادہ گرمی سے بچانے کیلئے بیج کو دن میں 2،3 مرتبہ ہلائیں اور اس پر پانی کے چھینٹے ماریں تاکہ بیج خشک نہ ہو جائے۔علاوہ ازیں بیج 36سے 48گھنٹے میں انگوری مارے گا اسلئے بیج پر ڈھانپنے والی بوری کو بھی گیلا رکھیں اور کھیت میں پنیری کاشت کرنے سے پہلے ایک دو دفعہ خشک ہل چلائیں اور پھر اسے پنیری بونے سے 3دن پہلے پانی سے بھر دیں پھر کھڑے پانی میں دوہراہل چلائیں اور سہاگہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ پنیری کیلئے کھیت تیار کرنے کے بعد اس کو 10،10مرلے کے چھوٹے پلاٹوں میں تقسیم کر دیں اور اب کھیت میں انگوری مارے ہوئے بیج کا چھٹہ دیں نیز چھٹہ دیتے وقت کھیت میں ایک تا ڈیڑھ انچ پانی کھڑا ہونا چاہئے اوربیج کا چھٹہ شام کے وقت بہتر رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار اگلی شام پانی نکال دیں اور صبح دوبارہ پانی لگا دیں اور ایک ہفتہ بعد یہ عمل بند کردیں۔

انہوں نے کہاکہ پنیری کا قد بڑھنے پر پانی کی گہرائی بڑھا دیں لیکن پانی کی گہرائی3 انچ سے زیادہ نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ اری اقسام کا ایک کلوگرام فی مرلہ اور باسمتی کا 500سے 750 گرام فی مرلہ انگوری مارا ہوا بیج شام کے وقت بکھیر دیں اس طریقہ سے 25 سے 30دن میں پنیری تیار ہو جائے گی اور اگر پنیری کمزور ہو تو یوریا ایک پاؤ (250گرام) یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ (400 گرام) فی مرلہ کے حساب سے چھٹہ دیں۔

انہوں نے کہاکہ کھاد کا چھٹہ لاب کی منتقلی سے تقریباً 10دن پہلے کریں اور اگر لاب لگانے کا رقبہ زیادہ ہو تو پنیری ہفتہ دس دن کے وقفہ سے قسطوں میں کاشت کریں تاکہ پنیری منتقلی کے وقت زیادہ عمرکی نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ خیال رہے کہ ایک دفعہ کاشت کی ہوئی پنیری 30سے40دن تک ہر حالت میں منتقل ہو جائے کیونکہ یہ اس لئے بھی ضرور ی ہے تاکہ پنیری کی منتقلی کا دورانیہ لمبے عرصے پر محیط نہ ہو تاہم پنیری کی منتقلی آخر جولائی تک مکمل کر لینی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :