گورنرخیبرپختونخوا سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی ملاقات

صوبے میں تیل و گیس کی پیداوار، گھریلو و صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 8 مئی 2025 14:56

گورنرخیبرپختونخوا سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی جس میں صوبے میں تیل و گیس کی پیداوار، گھریلو و صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی، اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر رکن خیبر پختونخوا اسمبلی احمد کریم کنڈی، وائس چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا فرزند وزیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کوٹ پالک میں حالیہ تیل و گیس کی دریافت سے متعلق کہاکہ کوٹ پالک کے گیس ذخائر سے مذکورہ علاقے کی مقامی آبادی کو مفت گیس کی فراہمی سمیت تحصیل ہیڈ کوارٹر درابن اور ڈی آئی خان شہر کو ضلع کرک کی طرز پر نئے گیس کنکشنز فراہم کئے جائیں، تاکہ مقامی آبادی اپنے علاقے کے قدرتی وسائل سے براہ راست مستفید ہو سکے۔

(جاری ہے)

گورنرخیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر پٹرولیم سے ڈی آئی خان شہر میں گیس کے کم دباؤ کا مسئلہ بھی اجاگر کیا اور تجویز دی کہ شہر میں مزید نئے ٹاؤن بورڈنگ سٹیشن (ٹی بی ایس ) کی تنصیب عمل میں لائی جائے تاکہ گیس پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔گورنر نے پشاور سمیت صوبے کے دیگر صنعتی مراکز میں صنعتکاروں کے تحفظات سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کی صنعتی شعبہ کے گیس ٹیرف میں کمی اور مناسب نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ صوبے میں صنعت کو فروغ ملے، جس کا براہِ راست فائدہ ملکی معیشت کو بھی ہوگا۔وفاقی وزیر پٹرولیم پرویز ملک نے گورنر خیبرپختونخوا کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔