مشہور امریکی اداکار کیخلاف جنسی زیادتی اور تشدد کے الزامات پر مقدمہ درج

جمعرات 8 مئی 2025 23:02

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)ہالی ووڈ اسٹار مائیکل پِٹ پر نیو یارک میں سابقہ گرل فرینڈ کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کے الزامات پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشہور امریکی اداکار مائیکل پٹ، جنہیں بورڈ واک ایمپائراورڈاسنز کریک جیسے ٹی وی شوز میں ان کے کرداروں کے لیے جانا جاتا ہے، پر نیویارک سٹی میں اپنی سابقہ گرل فرینڈ کے ساتھ جنسی زیادتی، گلا دبانے، اور جسمانی حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

گرینڈ جیوری کی جانب سے جاری اداکار پر عائد فردِ جرم کے مطابق، الزامات میں دعوی کیا گیا ہے کہ مائیکل پٹ نے متاثرہ خاتون کو کنکریٹ بلاک اور لکڑی کے ٹکڑے سے بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔44سالہ اداکار کو جمعہ کو سابق گرل فرینڈ کی جانب سے عائد الزامات کے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر نو الزامات عائد کیے گئے جن میں فرسٹ ڈگری جنسی زیادتی، مجرمانہ جنسی فعل، حملہ، اقدامِ حملہ، اور گلا گھونٹنے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق یہ واقعات اپریل 2020 سے اگست 2021 کے درمیان بروکلن کے بشوک علاقے میں پیش آئے۔پٹ کے وکیل جیسن گولڈمین نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ان کے پاس ثبوت موجود ہیں جو اداکار کو بیقصور ثابت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات کئی سال بعد ایک باہمی رضامندانہ تعلق کے دوران کے واقعات پر مبنی ہیں، جن کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔دوسری جانب سے پٹ نے بھی الزامات سے انکار کرتے ہوئے عدالت میں خود کو بیگناہ قرار دیا اور 100,000امریکی ڈالرز کی ضمانت پر رہا ہوگئے۔ اداکار کیخلاف اس کیس کی اگلی سماعت 17 جون کو بروکلن میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :