شی پاور پروگرام کے تحت طالبات کی صحت و صفائی سے متعلق کٹس کی فراہمی حکومت چین کا قابل قدر اقدام ہے،ڈپٹی کمشنر حمیرہ بلوچ

جمعرات 8 مئی 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرہ بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت چین کی جانب سے شی پاور پروگرام کے تحت پبلک سکول اوتھل، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اوتھل اور الدرویش پبلک سکول اوتھل میں طالبات میں صحت کٹس تقسیم کی گئیں ۔ اس خصوصی تقریب میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے طالبات کو صحت کٹس فراہم کیں۔

ڈپٹی کمشنر حمیرہ بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شی پاور پروگرام کے تحت طالبات کی صحت و صفائی سے متعلق کٹس کی فراہمی حکومت چین کا قابل قدر اقدام ہے ،یہ نہ صرف بچیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال بھی ہے ،چین ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے کہا کہ صحت مند طالبات ہی ایک صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتی ہیں ،حکومت چین کی جانب سے فراہم کردہ صحت کٹس بچیوں کی ذاتی صفائی، آگاہی اور خود اعتمادی میں اضافہ کریں گی ،ہمیں خوشی ہے کہ چین نہ صرف بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں میں شراکت دار ہے بلکہ تعلیم اور صحت جیسے بنیادی شعبوں میں بھی ہماری نسل نو کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اوتھل محمد اطہر قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت چین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی اور خصوصاً لسبیلہ کی بچیوں کی صحت کے لیے ایسا اقدام اٹھایا جو ان کی خود اعتمادی اور بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا ،یہ پاک چین دوستی کی مضبوط بنیادوں کی نشاندہی کرتا ہے ،امید ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اور پاک چین دوستی تعلیم اور صحت کے میدان میں مزید ترقی کا ذریعہ بنے گی جبکہ اس موقع پر ددر مائننگ کمپنی کے اسسٹنٹ پریذیڈنٹ محمد عظیم خان نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ اور محکمہ تعلیم لسبیلہ کے افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور محکمہ تعلیم لسبیلہ کے افسران نے ددر مائننگ کمپنی کے ساتھ معاونت اور تعاون جاری رکھا ہے ۔

اس موقع پر ددر مائننگ کمپنی کے عبدالغنی، زبیر حسن، نور خان آفریدی، فہد، اختر اور دیگر بھی موجودتھے۔