سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضاکار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، سول ڈیفنس آفیسر بٹگرام

جمعہ 9 مئی 2025 11:22

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی ہدایات پر سول ڈیفنس بٹگرام کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر سول ڈیفنس بٹگرام نے مختلف کالجز میں ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے سول ڈیفنس رضاکاروں اور طلباء کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔

سول ڈیفنس آفیسر بٹگرام نے ورکشاپ کی تمام سرگرمیوں کی خود نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضاکار ہر وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران طلباء کو ہنگامی انخلاء، ابتدائی طبی امداد اور دیگر اہم مہارتوں کی عملی تربیت دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ سول ڈیفنس نہ صرف حادثات کے بعد امدادی کارروائیاں سرانجام دیتا ہے بلکہ اس سے قبل عوام اور متعلقہ اداروں کو پیشگی تربیت دے کر نقصانات کو کم سے کم کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ ایسی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ ہر سطح پر ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اور موثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔