ابوظہبی میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی پرچم کشائی

سفیر فیصل نیاز ترمذی کا قومی یکجہتی اور ترقی پر زور

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعرات 14 اگست 2025 19:18

ابوظہبی میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی پرچم کشائی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2025ء) ابوظہبی میں پاکستان کے سفارتخانے میں 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ قومی قیادت کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اتحاد، ایمان اور قربانی کو پاکستان کی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے حالیہ بیرونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی کامیابیوں، خصوصاً معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کو تاریخی سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال ترسیلاتِ زر 7.9 ارب ڈالر تک پہنچیں۔ تقریب میں آن لائن پاسپورٹ اور نائیکاپ ٹریکنگ سسٹم کے آغاز کا اعلان کیا گیا، جبکہ کمیونٹی اسکولز کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا بھی ذکر ہوا۔

(جاری ہے)

مزید پاکستانی نجی اسکولز کو یو اے ای میں برانچز کھولنے کی دعوت دی گئی۔ سفیر نے یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ 10 اگست کو دبئی ایکسپو سٹی میں 60 ہزار افراد کی شرکت کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی یومِ آزادی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے پورٹریٹ بھی نمائش کیلئے پیش کیے گئے۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیے جس سے محفل میں حب الوطنی کا رنگ اور گہرا ہوگیا۔