Live Updates

پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں جلسے کی درخواست مسترد، پارٹی کا احتجاجی حکمت عملی کا اعلان

پشاور ریجن کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو جلسوں کی ویڈیوز بنا کر ضلعی تنظیم کو جمع کروانے کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 اگست 2025 15:43

پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں جلسے کی درخواست مسترد، پارٹی کا احتجاجی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 5 اگست کو ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی، پی ٹی آئی نے احتجاج کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتار کو دو سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہوا ہے اسی سلسلے میں اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت طلب کی گئی، جلسے کی درخواست پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی جانب سے دی گئی۔

اسلام آباد پولیس کے ادارے سپیشل برانچ نے رپورٹ میں کہا کہ ’پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کا شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکالنے کا منصوبہ ہے، اس منصوبے میں اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں کی بندش بھی شامل ہے‘، جب کہ اسلام آباد پولیس نے اسی رپورٹ کی روشنی میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، اسی طرح راولپنڈی میں بھی پولیس پی ٹی آئی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پشاور ریجن کی طرف سے 5 اگست کے احتجاج کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور اور خیبر کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان دن ساڑھے 3 بجے حیات آباد ٹول پلازہ، رنگ روڈ سے قلعہ بالا حصار پشاور تک وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں ریلی میں شرکت کریں گے۔

صوابی، مردان اور چارسدہ میں احتجاج کے بارے میں پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تینوں اضلاع سے تعلق رکھنے مظاہرین دن ساڑھے 3 بجے امبار انٹر چینج صوابی پر اکٹھے ہوں گے اور عشاء کی نماز تک عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کریں گے، اس کے علاوہ نوشہرہ اور مہمند سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نوشہرہ میں خیر آباد کے مقام پر احتجاج کریں گے، پی ٹی آئی پشاور ریجن کے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنی قیادت میں آنے والے جلسوں کی ویڈیو بنا کر ضلعی تنظیم کو جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات