تحریک انصاف کے 5 اگست احتجاج سے قبل لاہور میں کریک ڈاؤن، سینکڑوں کارکن گرفتار

پولیس کی جانب سے گھروں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ تاحال جاری

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 اگست 2025 16:11

تحریک انصاف کے 5 اگست احتجاج سے قبل لاہور میں کریک ڈاؤن، سینکڑوں کارکن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے 5 اگست کے احتجاج سے قبل لاہور میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سینکڑوں کارکن گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کردہ 5 اگست کے احتجاج سے قبل پولیس نے لاہور میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ کو ضمانتی مچلکوں پر چھوڑ دیا گیا لیکن اب پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس حوالے سے پولیس کی جانب سے ڈور ناکنگ کی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، پارلیمانی پارٹی کی سربراہ زرتاج گل اور دیگر متعدد ارکان کو بھی پولیس تلاش کر رہی ہے جب کہ تحریک انصاف نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اب قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی بنیاد پر اضلاع اور قصبوں میں احتجاج کی منصوبہ بندی کی ہے، پارٹی ذرائع نے کہا کہ اگر 5 اگست کا احتجاج غیر مؤثر رہا تو اس تحریک کو 14 اگست تک توسیع دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں فاشسٹ گروہ ہے جو مُلک میں آگ لگانا چاہتا ہے، پی ٹی آئی کے عوامی مقبولیت کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے، سڑکیں گرم نہیں ہوئی، یہ آر بھی خود ہوتے ہیں اور پار بھی خود ہوتے ہیں، پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں یہ ایک فاشسٹ گروہ ہے، ترقی کرتا پنجاب ان کوہضم نہیں ہورہا جو لوگ ریاست کےخلاف گوریلا جنگ لڑنا چاہیں ان کا علاج کیا ہونا چاہیئے؟ جب پاکستان ٹریک پر چڑھتا ہے، یہ فساد کی کال دیتے ہیں، ملک میں آگ لگانا چاہتا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں بھی جو احتجاج کی کالز دیں وہ سب ناکام ہوئیں، عقل کے اندھوں نے ایرانی صدر کے دورہ لاہور کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی کہ وہ اسلام آباد کی بجائے لاہور میں پہلے کیوں آئے، ریاست مخالف سرگرمیوں میں تحریک انصاف کے اوپر لمبی چارج شیٹ ہے، کیا ایسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیئے؟ پی ٹی آئی کا یوم استحصال پر احتجاج کی کال دینا افسوسناک ہے لیکن کل یوم استحصال کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔