گورنرپنجاب کا اسلام آباد میں پی ایف یو جے کی 75 سالہ جدوجہد کو خراج تحسین

صحافیوں کا پاکستان میں جمہوریت کے قیام کے لیے کردار انتہائی اہم ہے . سردار سلیم حیدر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 4 اگست 2025 16:46

گورنرپنجاب کا اسلام آباد میں پی ایف یو جے کی 75 سالہ جدوجہد کو خراج تحسین
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 اگست ۔2025 ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی آزادی صحافت، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے 75 سالہ جدوجہد کی مناسبت سے پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں پروقار تقریب منعقد ہوئی مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان تھے. تقریب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے پی ایف یو جے کے بانی راہنماﺅں ابرار احمد، عبدالحمید چھاپرا ، عبدالشکور ، منہاج برنا اور نثار عثمانی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پی ایف یو جے کی قیادت کو تاریخی جدوجہد کے 75 سال مکمل ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں.

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرنے کہا کہ ان شخصیات نے آزادی صحافت، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا پاکستان میں جمہوریت کے قیام کے لیے کردار انتہائی اہم ہے . سردار سلیم حیدر نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کی ہے اور ہر مشکل وقت میں میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی رہی ہے اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے آئندہ بھی صحافیوں کے حقوق کے لیے اپنی آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی تقریب میں پی ایف یو جے کی 75 سالہ صحافتی جہدوجہد اور خدمات پر کیک بھی کاٹا گیا صحافیوں، سول سوسائٹی اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی.