انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا ڈینگی آگاہی بارے ماہانہ اجلاس کا انعقاد

جمعہ 9 مئی 2025 13:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا ڈینگی آگاہی بارے ماہانہ 753 واں اجلاس وڈالہ روڈ ڈسکہ مدرسہ عزیز یہ میں منعقد ہوا ۔اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جسکی سعادت حافظ عبد الغفار اور نعت رسول مقبولﷺ کی سعادت انوار احمد سیال نے حاصل کی۔اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری ضرار احمد خاں نے گزشتہ ماہانہ ا جلاس ماه فروری 2025 کی کاروائی پیش کی جسکی متفقہ طور پر توثیق کر دی گئی۔

فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے اپنی رپورٹ میں آمدن و اخراجات ماہ فروری 2025 کا گوشوارہ پیش کیا، بعد از بحث جسکی منظوری دیدی گئی۔ سیکرٹری نشر و اشاعت سبیل سلمان پھروہی نے اپنی رپورٹ میں گزشتہ ماہانہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پڑھ کر سنائیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈینگی آگاہی بارے ممبران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈسکہ شہر کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گرمی بڑھتے ہی مچھروں کی بھر مار ہو گئی ہے۔

شہر میں خصوصی طور پر ڈینگی مچھر کو تلف کرنے کیلئے سپرے کروائے جائیں سیمینار کے بعد ڈینگی آگاہی کیلئے واک بھی کی گئی۔ تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ممبران نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ڈسکہ شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تا کہ دوکاندار حضرات اپنے کاروبار کو دوبارہ سے شروع کر سکیں رمضان المبارک میں ادارے کیلئے معقول فنڈ ریزنگ پر صدر نے تمام ممبران کو مبارک باد دی۔اجلاس کے اختتام پر ملکی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔