شہر کی سکیورٹی اور انتظامی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے ، کمشنر راولپنڈی

ہفتہ 10 مئی 2025 16:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے موجودہ حالات کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شہر کی سکیورٹی اور انتظامی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور متعلقہ ادارے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو تاکید کی کہ کسی بھی قسم کی گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور مکمل احتیاط کے ساتھ اپنے معمولات جاری رکھیں۔

سائرن بجنے کی صورت میں فوری طور پر عمارتوں کے اندرونی محفوظ حصوں، جیسے کہ واش رومز یا بیسمنٹ میں پناہ لیں۔ خاص طور پر رات کے اوقات میں عمارتوں کی بیرونی اور غیر ضروری روشنیاں بند رکھی جائیں تاکہ سکیورٹی صورتحال کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہر عمارت میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ بیگ، پینے کا صاف پانی، ٹارچ، خشک راشن، ضروری ادویات، میڈیکل رپورٹس، اہم دستاویزات، شناختی کارڈ اور نقدی پر مشتمل ایک بیگ تیار رکھنا لازمی ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی رہائش گاہ یا دفتر میں ہنگامی انخلاء کے راستوں کی نشاندہی کریں اور انہیں ہر وقت رکاوٹ سے پاک رکھیں۔ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے کمشنر نے خبردار کیا کہ غیر مصدقہ معلومات کو بغیر تحقیق پھیلانا نہ صرف خطرناک بلکہ مجرمانہ عمل ہو سکتا ہے۔ کسی بھی ڈرون یا مشتبہ مواد کی اطلاع فوری طور پر پولیس (15)، ریسکیو (1122)یا شہری دفاع کی ٹیموں کو دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سکیورٹی ادارے جیسے کہ فوج، پولیس، ریسکیو یا شہری دفاع کی نقل و حرکت سے متعلق تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کی جائیں۔ اس قسم کی معلومات دشمن عناصر کے ہاتھ لگنے کی صورت میں نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نے شہریوں پر زور دیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں مقررہ اسمبلی ایریا پر اکٹھا ہونے کی مشق کریں اور کسی حادثے کی صورت میں فوری طور پر 1122 یا 15 پر رابطہ کریں۔

اگر کسی فرد کو شدید چوٹ آئی ہو اور خون بہہ رہا ہو تو صاف کپڑے یا پٹی سے زخم کو کس کر باندھ کر خون کا بہاؤ روکا جائے۔ دھوئیں یا آگ لگنے کی صورت میں جھک کر یا فرش پر رینگتے ہوئے باہر نکلیں کیونکہ نچلی سطح کی ہوا نسبتاً صاف اور کم زہریلی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ یا دھماکے کی صورت میں فوری طور پر زمین پر لیٹ جائیں اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔