محکمہ صحت بلوچستان نے صوبے بھر کے صحت مراکز کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں

اتوار 11 مئی 2025 17:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے 12 سے 22 مئی تک صوبے بھر میں صحت مراکز کی مانیٹرنگ کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ اتوار کو ترجمان محکمہ صحت کے بیان کے مطابق اس مہم کا مقصد ضلعی ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سینٹرز کی کارکردگی اور سہولیات کا جائزہ لینا ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

محکمہ صحت کے سیکرٹری مجیب الرحمان کی منظوری سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چھ گروپس میں تقسیم 30 سے زائد افسران کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ہر گروپ میں پروگرام کوآرڈینیٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران شامل ہیں جبکہ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر ضلع میں ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال، کم از کم ایک رورل ہیلتھ سینٹر اور دو بی ایچ یوز کا تفصیلی معائنہ کریں، متعلقہ صحت پروگرامز کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور تمام ضلعی افسران سے روابط رکھ کر رپورٹ مرتب کریں۔

(جاری ہے)

ہر ٹیم متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دے گی اور اپنی رپورٹ چیف پلاننگ آفیسر کے دفتر میں جمع کرائے گی۔واضح رہے کہ یہ مانیٹرنگ مشن ’’وزیر صحت کا صحت مراکز کی بہتری کے لیے معائنہ پروگرام‘‘ کا حصہ ہے جس کا مقصد صوبے کے ہر شہری کو بلا امتیاز معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر صحت کی واضح ہدایت ہے کہ کارکردگی دکھانے والے مراکز کو سراہا جائے گا جبکہ غفلت کے مرتکب اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :