Live Updates

بھارت کیخلاف پاک فضائیہ کی تباہ کن کامیابیاں یاد رکھی جائیں گی، نائب صدر لاہور چیمبر

اتوار 11 مئی 2025 17:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے پاک فوج کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو دشمن پر کاری ضرب لگانے اور اسے عبرتناک شکست سے دوچار کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے اور ہر سطح پر اس کی پاسداری کرتے ہوئے دشمن کو یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ہماری امن پسندی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ثابت قدمی اور قربانی کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں۔

شاہد نذیر چوہدری نے مزید کہا کہ دشمن کے خلاف پاک فضائیہ کی تباہ کن کامیابیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور چاک و چوبند تیاریوں سے دنیا پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے ناقابلِ تسخیر دفاع سے غافل نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا جذبہ جنگ قابلِ دید تھا،عوام نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر یکجہتی، اتحاد اور استقامت کی جو مثال قائم کی ہے وہ قابلِ فخر وناقابلِ فراموش ہے، کامیابی کی یہ روشن داستان پوری قوم کی اجتماعی قربانیوں اور افواج کے عزمِ صمیم کا نتیجہ ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات