سعودی ولی عہد اور شامی صدر کا اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے تبادلہ خیال

ولی عہد کی شام کی سلامتی و استحکام کی حمایت ،ملکی اتحاد کے لیے سیاسی حل کی حوصلہ افزائی کی

پیر 12 مئی 2025 12:36

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور شامی صدر احمد الشرع نے اقتصادی معاملات کے حوالے سے فون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ولی عہد نے شام کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے میں مملکت کی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ اس امر کا اظہار شامی ایوان صدر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شام کی سلامتی و استحکام کی حمایت کی اور ملکی اتحاد کے لیے سیاسی حل کی حوصلہ افزائی کی۔ شام کی تعمیر نو میں تعاون کے لیے مملکت کے عزم کا اعادہ کیا۔علاوہ ازیں سعودی عرب کی شام کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری معاملات میں وسعت دینے کی خواہش پر بھی زور دیا۔شامی صدر احمد الشرع نے شام کی علاقائی سالمیت و استحکام کی مضبوطی کے لیے مملکت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر احمد الشرع نے شام پر حالیہ اسرائیلی حملوں میں شام کے لیے سعودی حمایت پر مملکت کے کردار کی تعریف کی۔