Live Updates

بھارت کو عسکری ہی نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی شکست ہوئی ہے، فردوس نثار

پیر 12 مئی 2025 15:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی خاتون ایگزیکٹو ممبر فردوس نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کی بردباری اور امن کی خواہش کا دنیا اعتراف کرتی ہے،بھارت کو عسکری ہی نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی شکست ہوئی ہے، بھارت پاکستان کے جوابی وار کو صدیوں تک یاد رکھے گا،دشمن آئندہ پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔

سوموار کے روز یہاں ''اے پی پی''سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر ناز اور فخر ہے،پاکستان کی فضائیہ فورس نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنی فنی مہارت اور جرآت و بہادری میں بھارتی فضائیہ پر سو گنا زیادہ فوقیت رکھتی ہے،بھارت کے اس زعم اور غرور کو ہماری پاک فوج نے خاک میں ملا دیا ہے،بھارت کو معلوم ہو گیا ہے کہ پاکستان کی طاقت کے سامنے اور فضائیہ کے جوانوں کے سامنے بھارتی طیاروں کی اڑان گرد راہ سے زیادہ وقعت نہیں رکھتی اور پاک فوج نے پھر ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کی بہتر ین آرمڈ فورسز میں صف اول میں شمار ہوتی ہے،وہ اپنی سالمیت اور خود مختاری پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ الحمد للہ ایک بار پھر ہم معرکہ حق و باطل میں سرخرو ٹھہرے ہیں،پاکستان نے جنگ میں بھی ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔انہوں نے پوری قوم کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی و فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائوں پر اپنی برتری ثابت کر دی ہے،پاک فوج کے جوانوں کو سلام،سپہ سالار اعظم جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیت پہ پوری قوم کو فخر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات