وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کم عمر اقلیتی افسر اسسٹنٹ کمشنر کشش چوہدری کی ملاقات

پیر 12 مئی 2025 19:21

وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کم عمر اقلیتی افسر اسسٹنٹ کمشنر کشش چوہدری کی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سےبلوچستان پبلک سروس کمیشن کا امتحان امتیازی نمبروں سے پاس کرنے والی کم عمر اور باصلاحیت اقلیتی افسر اسسٹنٹ کمشنر کشش چوہدری نے اپنے والد گرداری لعل کے ہمراہ ملاقات کی، کشش چوہدری کا تعلق بلوچستان کے پسماندہ اور دور افتادہ ضلع نوشکی سے ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوان خاتون افسر کی شاندار کامیابی پر مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف اقلیتی برادری بلکہ پورے بلوچستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی رہنمائی اور ان کے لیے مواقع کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے، کشش چوہدری کی کامیابی اس امر کا ثبوت ہے کہ اگر نوجوانوں کو مواقع اور رہنمائی دی جائے تو وہ کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کشش چوہدری نے اپنی محنت، لگن اور استقامت سے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ اقلیتی برادری کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بن گئی ہیں۔

حکومت اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے محنت و لگن سے کامیابی سمیٹنے پر کشش چوہدری کو سرٹیفکیٹ بھی دیا ۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میر محمد عثمان بادینی، میر غلام دستگیر بادینی، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار، اور اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی روی کمار بھی موجود تھے جنہوں نے کشش چوہدری کی کامیابی کو بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا۔